دبئی میں اسرائیل کا قونصل خانہ
اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کے روز اس ملک کے سفارتکاروں کی آمد کے ساتھ ہی سرکاری طور پر ابو ظہبی میں اسرائیل کے سفارتخانے کے افتتاح ہو گیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور حیات نے ابو ظہبی میں اسرائیل کے سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ جب تک متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے سفارتخانے کی اصل عمارت تعمیر نہیں ہوتی اس وقت تک سفارتی عملہ عارضی دفاتر میں اپنی سرگرمیاں انجام دے گا۔
دوسری جانب کچھ اس قسم کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اسرائیل کی جعلی حکومت اپنا قونصل خانہ دبئی میں بھی کھولنے والا ہے۔
ابو ظہبی میں اسرائیل کے سفارتخانے کے افتتاح کا اعلان ایسے میں ہوا ہے کہ جب بحرین کے دارالحکومت منامہ میں اس ملک کے سفارتخانے نے کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے بھی تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کو کھولنے سے موافقت کر دی ہے۔