Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۵ Asia/Tehran
  • شام، شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد ہلاک کر دئے گئے

مشرقی شام میں دیرالزور-تدمر روڈ کے قریب واقع البادیہ علاقے میں شامی فوج کی کاروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج کے ایک آپریشنل کمانڈر نے کہا ہے کہ ملکی فوج نے دیرالزور - تدمر روڈ کے قریب الشولا اور کباجب کے علاقوں میں شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان دہشت گردوں نے شامی شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ کر کے کئی عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

اس فوجی کمانڈر کے مطابق دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا پتہ لگنے کے بعد شامی فوج نے ان علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے کاروائی کی اور کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کی گاڑیوں اور وسائل کو تباہ کر دیا۔

دو روز قبل ان دہشت گردوں نے دیرالزور تدمر روڈ کے قریب المالحہ اور الشولا کے علاقے میں شامی فوج کی ایک بس پر بھی حملہ کیا تھا جس میں تین فوجی اہلکار جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے تھے۔

شام میں دہشت گردوں کی شکست کے باوجود اس ملک کے بعض علاقوں میں کچھ دہشت گرد عناصر روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائی کر ڈالتے ہیں۔

ٹیگس