شام-عراق سرحدی علاقے سے بڑی خبر، 450 کیلومیٹر کا علاقہ پر امن ہو گیا
عراقی فوج کا کہنا ہے کہ شام سے لگی 450 کیلومیٹر کی سرحد کو رضاکار فورس کے تعاون سے پوری طرح پر امن بنا لیا گیا ہے۔
عراقی فوج کے مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے ترجمان نے شام- عراق سرحد کے 450 کیلومیٹر کے علاقے کو پرامن بنانے کی خبر دی ہے۔
عراقی فوج کے مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے ترجمان تحسین الخفاجی کا کہنا ہے کہ رضاکار فورس کے تعاون سے سیکورٹی کو مضبوط کرنے کا مزید کام جاری ہے۔
عراقی ویب سائٹ موازین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کی مشترکہ آپریشنل کمانڈ نے حال ہی میں عراق اور شام کے درمیان 450 کیلومیٹر کے سرحدی علاقے میں امن قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی اور پورے علاقے میں واچ ٹاور، خاردار کانٹے، ڈرون اور تھرمل کیمرے نصب کرکے علاقے کو پوری طرح پرامن بنا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عراقی فوج نے دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے شمال مشرقی شام سے عراق میں ان کی دراندازی کی کاروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عراقی فوج کی مشترکہ آپریشنل کمانڈ، وزارت دفاع، دیگر وزارتوں اور رضاکار فورس کے تعاون سے باقی بچے 610 کیلومیٹر کے سرحدی علاقے کو پرامن بنانے اور شام میں دہشت گردوں کی دراندازی کو روکنے کی کاروائیوں میں مصروف ہے۔