امریکی حملے کا مقصد داعشی عناصر کو جرف النصر پہنچانا
عراق کے ایک سیکورٹی ماہر کا کہنا ہے کہ امریکہ ہیلی برن کارروائی کے ذریعے داعش دہشت گردوں کی مدد اور انھیں صوبے بابل کے جرف النصر نامی اسٹریٹیجک علاقے میں منتقل کر رہا ہے۔
المعلومہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے ایک سیکورٹی ماہر و تجزیہ نگار صباح العکیلی کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی، عراق میں بغداد کے بائی پاس علاقوں اور شمالی صوبے بابل میں داعش دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کے اس اقدام کا مقصد پہلے انھیں جرف النصر منتقل اور پھر عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ہیڈکوارٹر میں نفوذ پیدا کر کے انھیں باہر نکالنا اور عراق میں اپنی فوجی موجودگی کا بہانہ بنانا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرف النصر نامی علاقے پر امریکہ کے فضائی حملے میں عراقی فوج کے نو جوان جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے شمالی صوبے صلاح الدین میں داعش دہشت گرد گروہ کی پانچ عورتوں کو گرفتار کر لیا۔ ہفتے کی رات بھی عراق کے ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا تھا کہ الحشدالشعبی کے جوانوں نے جرف النصر علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر اب بھی اس ملک کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جن کی خفیہ سرگرمیاں جاری ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملہ کرتے رہتے ہیں تاکہ عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا اور اس طرح سے اپنے وجود کا اعلان کر سکیں۔