Feb ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ازبکستان ، افغانستان اور پاکستان کا سہ فریقی اجلاس

افغانستان کے وزیر خارجہ نے تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان کے حکام کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کو بر اعظم ایشیا میں یکجہتی کا نقطہ آغاز قرار دیا ہے۔

 فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عالمی اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں افغانستان ، پاکستان اور ازبکستان کے اعلی حکام کا اجلاس شہر تاشقند میں منعقد ہوا۔ اس سہ فریقی اجلاس میں مزار شریف - کابل - پیشاور کے درمیان ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے۔ اس اجلاس کی افتتاحی تقریب سے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تجارت و سرمایہ کاری عمرزاق اف ، افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر اور پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داوود نے خطاب کیا۔

افغانستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کابل علاقائی تعاون اور ہمہ گیر یکجہتی کی حمایت کرتا ہے اور علاقے کے امن و استحکام کے لئے سرمایہ کاری اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے اور اس کا خیرمقدم کرتا ہے۔اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیرا‏عظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤود نے کہا کہ علاقائی تعاون سے علاقے میں باہمی ارتباط و یکجہتی کا امکان فراہم ہوتا ہے۔  

ٹیگس