Feb ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۲:۵۱ Asia/Tehran
  • عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا، عوامی مطالبہ ہے: قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا، عوامی مطالبہ اور علاقے میں امن و استحکام کا سبب ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران میں عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون نہایت موثر ہے اور دونوں ممالک گہرے، موثر اور تاریخی تعلقات کے حامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران و عراق کے عوام اپنے مشترکہ دینی اور ثقافتی عقائد و نظریات اور پڑوسی ہونے کے ناطے ایک دوسرے سے محبت اور قلبی لگاؤ رکھتے ہیں ۔

محمد باقر قالیباف  نے کہا کہ ہم عراق میں سیاسی عمل، اس ملک کی ارضی سالمیت اور علاقائی معاملات میں اس ملک کی موجودگی کی حمایت کرتے ہیں اور ہمارا خیال ہے کہ عراق، علاقے کے اقتصادی و سیاسی اشتراک عمل میں مضبوط کردار کا حامل ہے۔ 

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے بیان کے دوسرے حصے میں علاقائی و عالمی سطح پر امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مسائل و مشکلات کی اصلی وجہ علاقے میں امریکہ کی فوجی موجودگی اور اس کی مداخلتیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عراقی عوام کے مطالبات پر توجہ عراق اور علاقے میں قیام امن اور سیاسی استحکام کی کنجی ہے، وہی مطالبات جو اس ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء پر مبنی عراقی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے بل سے نمایاں ہیں۔

ڈاکٹر قالیباف نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ کی موجودگی سے عراق اور علاقے میں قیام امن و استحکام میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے دونوں قوموں کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی و عالمی سطح پر ایک اہم و با اثر ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام میدانوں میں تعلقات کا فروغ عراقی حکومت اور قوم کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ 

 انھوں نے مزید کہا کہ ایران و عراق کے درمیان باہمی، علاقائی اور عالمی سطح پر تمام میدانوں میں تعاون کا فروغ دونوں ملکوں کے مفادات کی تکمیل میں نہایت اہم کردار رکھتا ہے ۔

 

ٹیگس