Feb ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • ہمارے حملے رکنے کا دارومدار سعودی اتحاد پر ہے: یمنی وزیر خارجہ

یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر سعودی اتحاد یمن کے خلاف اپنے حملے بند کردے تو انصار اللہ بھی سعودی عرب پر حملے روک دے گی۔

یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے ایک پریس کانفرنس میں سعودی عرب پر انصاراللہ کے حملے روکنے کے لئے امریکی درخواست پررد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب نیشنل سالویشن حکومت کے زیرکنٹرول علاقوں میں سعودی اتحاد کے حملے بند ہو جائیں گے تو اس وقت تک سعودی عرب پر یمنی فورسز کے حملے بھی روک دیئے جائیں گے۔

یمنی وزیر خارجہ ہشام شرف نے مآرب کے علاقے میں یمن کی مستعفی حکومت اور انصاراللہ کے درمیان لڑائیوں کے بارے میں کہا کہ مآرب میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے جارح اتحاد نے یمنی فورسز پر بمباری کرنا شروع کر کے یمن کی حکومت کو ان حملوں کا جواب دینے پر مجبور کردیا۔

یمن کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ انصاراللہ، یمن میں قیام امن کے عمل میں ایک نہایت اہم فریق ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اپنے اتحادیوں کے ہمرا امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی نگرانی میں مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحانہ حملے کر رہا ہے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔ اس جارحیت اور براہ راست حملوں کے نتیجے میں اب تک سترہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس