افغانستان میں طالبان گروہ کے 92 عناصر ہلاک
افغانستان کے مختلف صوبوں منجملہ ننگرہار، بلخ، سرپل اور قندھار میں طالبان گروہ کے بانوے عناصر ہلاک کر دئے گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ صوبے بلخ کے چہار بولک علاقے پر افغان فضائیہ کے حملے میں طالبان گروہ کے چھپن عناصر ہلاک ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان فضائیہ کے اس حملے میں طالبان کے کئی سرغنہ بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ان کا بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ ننگرہار کے علاقے شیرزاد اور حصارک نامی علاقوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان عناصر کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں بھی طالبان گروہ کے بائیس عناصر ہلاک ہوئے ہیں۔
صوبے سرپل پر بھی فضائی حملے میں طالبان گروہ کے آٹھ افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ قندھار کے علاقے ارغنداب میں طالبان گروہ کے چھے عناصر ہلاک اور چھے زخمی بتائے جاتے ہیں۔
افغانستان کی وزارت دفاع کے بیان میں افغان فوجیوں کو ممکنہ طور پر پہنچنے والے نقاصانات کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔