Feb ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
  • بغداد میں دھماکے کی کوشش ناکام، بم ناکارہ بنادیا گیا

عراق کے سیکورٹی اداروں نے دارالحکومت بغداد میں دھماکے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ دوسری جانب عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے جنوبی سامرا میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف وسیع آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

 عراقی ذرائع کے مطابق ملک کے سیکورٹی اداروں نے دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے زعفرانیہ میں نصب کیے گئے دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے بعد اسے ناکارہ بنا دیا ہے۔ دیسی ساخت کے اس بم کو زعفرانیہ کے مصروف ترین علاقے میں نصب کیا گیا تھا جس کا مقصد بغداد میں تباہی پھیلانا تھا۔

دوسری جانب عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سامرا کے جنوبی علاقوں میں دا‏عش کی باقیات کے خلاف وسیع فوجی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد بغداد - سامرا شاہراہ اور اسی طرح آل رسول (ص) سے تعلق رکھنے والی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سامرا کے علاقے البوحشمہ میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر عراق کے سیکورٹی ادارے اور عوامی رضاکار فورس کے جوان ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کی باقیات کے خلاف بھرپور آپریشن میں مصروف ہیں جس کے دوران دہشت گردوں کے درجنوں خفیہ ٹھکانوں کو تباہ اور متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

درایں اثنا سرکردہ عراقی رہنما اور الحکمت پارٹی کے سربراہ سید عمار حکیم نے خطے کے بارے میں امریکی پالیسیوں میں تبدیلی اور عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا پر زور دیا ہے۔سرکردہ عراقی رہنما اور الحکمت پارٹی کے سربراہ سید عمار حکیم نے شہیدآیت اللہ سید محمد باقرالحکیم کے یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ الحکیم قوم کی آزادی اور استبدادی نظام کے خاتمے کی راہ میں شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ماضی سے زیادہ دشوار اور خطرناک ہے لہذا قوم کو پوری طرح ہوشیار رہنا چاہیے۔

سید عمار حکیم نے کہا کہ دہشت گردوں کو واپسی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ملک کے سیکورٹی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی سلامتی لائنوں کی کڑی نگرانی کریں اور دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جینس اور فوجی آپریشن کا دائرہ وسیع کرکے انہیں واپسی کی اجازت نہ دیں۔عراق کی نیشنل وزڈم پارٹی کے سربراہ سید عمار حکیم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں پارلیمنٹ کی منظور کردہ قرارداد کو عملی جامہ پہنائے۔

ٹیگس