صیہونی ٹولے نے غزہ کے لئے ویکسین کی ترسیل پر روک لگائی
قدس کی غاصب حکومت غزہ کے لئے ویکسین کی ترسیل پر روک لگا کر فلسطین کی استقامتی قوتوں کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کر ہی ہے۔
فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کی وزیرصحت نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی حکومت کورونا ویکسین غزہ لائے جانے کی روک تھام کر رہی ہے۔
فلسطین کی وزیر صحت "می الکیلہ" نے پیر کی شام اپنے ایک بیان میں کہا ہے صیہونی حکومت نے کورونا ویکسین کو غزہ جانے سے روک دیا ہے۔
فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق "می الکیلہ" نے صیہونی حکومت کو اس قسم کے ظالمانہ، غیرانسانی، عالمی قوانین و ضوابط اور بین الاقوامی پروٹوکول کے منافی اقدامات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
"می الکلیہ نے بتایا کہ پیر کے روز اسپوتنیک وی قسم کے 2000 ویکسین غزہ ارسال کئے جا رہے تھے کہ صیہونی حکام نے ان کی ترسیل پر قدغن لگا دیا۔
می الکلیہ نے کہا کہ یہ ویکسین کویڈ 19 کے مریضوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبوں اور ایمرجنسی وارڈ میں کام کرنے والے عملے کے لئے مختص کئے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور وزارت صحت عالمی اداروں کے ساتھ بات چيت میں مشغول ہیں تاکہ مذکورہ ویکسین کو جلد از جلد غزہ پہنچایا جا سکے۔
اس سے قبل صیہونی حکام نے کہا تھا کہ جب تک حماس کی قید میں موجود صیہونی فوجیوں کو رہا نہیں کیا جائے گا کورونا ویکسین کی غزہ ترسیل پر پابندی رہے گی۔