کیا شام میں دہشت گرد کیمیائی حملے کی تیاری کر رہے ہیں؟
شام میں روسی امن مرکز نے شمال مغربی شام میں دہشت گردوں کی جانب سے کیمیائی مواد کا استعمال کرتے ہوئے کاروائیاں انجام دیئے جانے کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، شام میں روس کی وزارت دفاع سے وابستہ اس مرکز نے اعلان کیا ہے کہ موصولہ اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ شام میں دہشت گرد گروہوں نے کئی ایسے ٹینکر ادلب کے شہر ترمانین منتقل کئے ہیں جو کلورین گیس کے ہو سکتے ہیں۔
روس کے اس مرکز کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہ دمشق حکومت پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگانے کے لئے اس علاقے میں اس قسم کے اسلحے استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی ان دہشت گرد گروہوں نے حلب، غوطہ شرقی اور ادلب میں اس طرح کے حملے کر کے شام کی حکومت پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرنے کا الزام لگانے کی کوشش کی تھی، تاہم دمشق کی حکومت نے ہمیشہ ہی اس قسم کے، کئے جانے والے دعؤوں کی تردید کی ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران دہشت گرد گروہوں نے شام میں کم کشیدگی والے علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔