افغانستان میں برفانی تودے کا قہر
افغان صوبے بدخشاں ميں برفانی تودے نے متعدد افراد کی جان لے لی۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق افغانستان کے صوبے بدخشاں میں برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغانستان کے صوبے بدخشاں کے ضلع راغستان میں برفانی تودہ مکانات پر گر گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔
بدخشاں کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ طالبان کے قبضے میں ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم بھاری فوجی نفری کے ہمراہ ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے برفانی تودے کے ملبے سے 14 لاشیں نکالیں جب کہ 11 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بدخشاں کے جس گاؤں میں برفانی تودا گرا وہ برف سے ڈھکے پہاڑوں کے درمیان واقع ہے اور اس علاقے میں برفانی طوفان کا سلسلہ بھی جاری تھا۔