انقرہ حکومت کے خلاف کیے گئے فیصلے مسترد
ترکی نے عرب لیگ کو علاقے کی فلاح و بہبود اور خظے میں سلامتی و استحکام کے لئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترکی نے عرب لیگ کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں انقرہ حکومت کے خلاف کیے گئے فیصلوں کو یکسر مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ کو عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ترک مخالف اور بے بنیاد فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق ان فیصلوں میں عرب عوام کی کوئی نمایندگی نہیں ہے۔ عرب لیگ کے ارکان بخوبی جانتے ہیں کہ کچھ تباہ کن سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے ترکی پر الزام تراشیاں کررہے ہیں جن کی عرب عوام کی نظر میں کوئیم اہمیت نہیں ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے بیان میں کئی ارکان کی جانب سے ان فیصلوں پر اعتراض کیے جانے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ کونسل نے اعتراضات کے باوجود شفاف مذاکرات کے عمل کے بغیر مختلف ممالک کے بیانیے کو جگہ دی ہے۔
ترک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترکی، دنیا اور خطے میں اپنے اصولی اور مستحکم مؤقف، سلامتی اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے سب سے زیادہ کوششیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔
عرب لیگ ترکی پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دے اور خطے میں سلامتی اور استحکام کے قیام میں تعمیری کردار ادا کرے۔