Mar ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • یمن پر جارحیت بند اور محاصرہ ختم ہونے پر ہی امن ممکن

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے تاکید کی ہے کہ یمن پر جارحیت کا سلسلہ بند اور اس ملک کا ظالمانہ محاصرہ ختم کئے جانے پر ہی حقیقی امن کی کوئی امید رکھی جا سکتی ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف جارحیت سعودی عرب کے شاہی نظام اور آل سعود حکومت کے خاتمے پر منتج ہو گی۔انھوں نے کہا کہ یمن کی مظلوم قوم ہر طرح کی جارحیت کے خلاف اپنی استقامت و پامردی جاری رکھے گی۔

دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے پیر کی رات بھی جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا۔انھوں نے بتایا کہ یمنی فوج کے اس میزائل حملے میں ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے میں ایک فوجی ٹھکانے کو کا نشانہ بنایا گیا۔انھوں نے کہا کہ یہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس حملے میں حال ہی میں تیار کیا گیا نیا میزائل استعمال کیا گیا ہے جس کی ابھی رونمائی بھی نہیں کی گئی ہے۔دریں اثنا یمن کے صوبے مآرب میں ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان شہر مآرب میں تین طرف سے تیزی کے ساتھ پیش قدمی کر رہے ہیں اور سعودی اتحاد کے زر خرید فوجیوں کے پاس راہ فرار کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ صوبے مآرب کے بیشتر عام شہری حکومت صنعا کی افواج میں شامل ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔مآرب کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران سعودی اتحاد کے فوجیوں کے خلاف کوفل پہاڑی علاقے میں بڑی اور سخت فوجی کارروائی شروع کی ہے اور وہ البلق الاوسط نیز البلق القبلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

یمنی افواج نے مآرب شہر کو آزاد کرانے کی کارروائی گزشتہ ہفتے شروع کی ہے اور سعودی اتحاد کے فوجیوں نے سنگین شکست سے دوچار ہونے کے بعد فوجی مدد کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اپنے اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے لیکن یمنی افواج اور عوام کی استقامت کے نتیجے میں اپنا کوئی بھی مقصد پورا نہیں کرسکاہے۔

ٹیگس