Mar ۱۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
  • جنگ یمن اندرونی آلہ کاروں کی مدد سے مسلط کردہ بیرونی جارحیت

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جنگ یمن کوئی خانہ جنگی نہیں بلکہ اندرونی آلہ کاروں کی مدد سے مسلط کردہ بیرونی جارحیت ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حسین العزی نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرس میں جنگ یمن کے بارے میں اقوام متحدہ کے نقطہ نظر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لئے صنعا سے اقوام متحدہ کی اپیل غیر حقیقت پسندانہ ہے اس لئے کہ یہ جنگ دونوں طرف سے جاری ہے بنابریں دونوں فریقوں سے جنگ بندی کی درخواست کئے جانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ فائرنگ کا آغاز صنعا کی طرف سے نہیں ہوا بلکہ یمن کے عوام اب تک صرف اپنا دفاع کرتے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ و جارحیت میں نہ صرف ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال اور بین الاقوامی جرائم تک کا ارتکاب کیا گیا بلکہ یمن کا مکمل محاصرہ بھی کیا گیا اور اس صورت حال میں بھی اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

یمن کے اس عہدیدار نے کہا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کی جنگ کے حقائق توڑ مروڑ کرکے پیش کئے ہیں اور ریاض کی جانب سے صنعا کو نشانہ بنائے جانے کو جوابی کارروائی قرار دیا گیا ہے اور عالمی رائے عامہ کی نظر میں یہ محض ایک جھوٹ ہے۔

ٹیگس