Mar ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • حماس کے ساتھ مفاہمت انتخابات کے انعقاد میں کامیابی کا حصہ ہے

تحریک فتح نے کہا ہے کہ تحریک حماس کے ساتھ مفاہمت انتخابات کے انعقاد میں کامیابی کا ایک حصہ ہے -

 المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے سربراہ جبریل الرجوب نے کہا ہے کہ انتخابات کی مشترکہ فہرست تیار کرنے کے لئے تحریک حماس کے ساتھ صلاح و مشورہ نہیں کیا گیا ہے اور تحریک فتح علیحدہ و مستقل طور پر پارلیمانی  انتخابات میں حصہ لے گی۔ 

 انھوں نے انتخابات کو داخلی اختلافات کے خاتمے  اور سیاسی نظام کو قانونی حیثیت دینے کا واحد راستہ قرار دیا ہے۔ 
 
جبریل الرجوب نے انتخابات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھنے پر فلسطینیوں کی تاکید کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے اس فیصلے سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ ہم فلسطین کے سیاسی نظام کی قانونی حیثیت بحال  اور فلسطینی گروہوں کے درمیان اختلافات و تفرقے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ 
 جبریل الرجوب نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ انتخابات بالخصوص قدس میں انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ کھڑی کرے۔
 فلسطینی پارلیمنٹ کے انتخابات بائیس مئی دوہزار اکیس کو فلسطین کے صدارتی الیکشن اکتیس جولائی دوہزار اکیس کو اور فلسطین کی قومی کونسل کے انتخابات اکتیس اگست دوہزار اکیس کو ہوں گے۔ 
 دوسری جانب صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کی داخلی سیکورٹی ایجنسی شاباک نے فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کی اردن سے واپسی پر آمد و رفت کے لئے ان کے وی آئی پی پاس کو ضبط کر لیا ہے ۔
 واللاہ ویب سائٹ نے شاباک کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ صیہونی وزیرا‏عظم نیتن یاہو کے براہ راست حکم  اور مقبوضہ فلسطین میں جنگی جرائم کے بارے میں عالمی فوجداری عدالت کے ساتھ فلسطینی انتظامیہ کے تعاون کی بنا پر کیا گیا ہے ۔ فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم ریاض المالکی ہیگ سے رام اللہ واپس آ رہے تھے۔   


خبروں  کے لئے ہمارا نیا فیس بک پیج جوائن کيجئے 

 ٹویٹر پر ہمیں فالو کریں 

یوٹیوب پر ڈراموں کے لئے سبسکرائب کریں 

ٹیگس