Mar ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • یمنیوں کے انسانی حقوق کا سودا ناممکن، انصاراللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمن میں انسانی حقوق کے سودے بازی اور اسے فوجی و سیاسی مسائل سے جوڑے جانے کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ٹوئٹ کیا ہے کہ سعودی اتحاد امن کے نام پر یمنی مذاکرات کار وفد سے ذریعہ معاش اور غذائی اشیا اور دواؤں کے بارے میں سودے بازی کرنا چاہتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ دیگر اقوام کی مانند یمنی قوم کو بھی انسانی حقوق سے بہرہ مند ہونے کا حق ہے اور یمنی عوام کے انسانی حقوق ایسے مسائل نہیں ہیں کہ جن کے بارے میں کوئی سودے بازی کرنے کی کوشش کرے۔

انھوں نے منگل کے روز بھی اعلان کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اجازت دیئے جانے کے باوجود یمنی عوام کے لئے پٹرولیم مصنوعات اور غذائی اشیا نیز دوائیں لانے والے بحری جہازوں کو الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی اتحاد کی جانب سے روکا جانا، نہ صرف بین الاقوامی قوانین کے منافی اور ایک ظالمانہ اقدام ہے بلکہ یمنی عوام کے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے سعودی اتحاد کے اس اقدام کو بحری قزاقی اور وحشیانہ جرم قرار دیا۔

دریں اثنا یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت دفاع نے یمنی عوام کے خلاف برطانیہ کی جارحانہ کاروائیوں کو بے نقاب کیا ہے۔

العہد کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی حکومت کی وزارت دفاع نے سعودی جارحیت میں برطانیہ کے شامل ہونے کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی محاذ پر یمنی عوام کے خلاف برطانیہ کے جارحانہ اقدامات پر ہماری کڑی نظرہے۔

اس رپورٹ کے مطابق برطانیہ، شمالی محاذ پر یمنی عوام کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کو خفیہ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم اب سعودی جارحیت میں اس کی براہ راست شرکت سے پردہ اٹھ گیا ہے۔

اس سے قبل یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے بھی سعودی جارحیت میں برطانیہ کے منفی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لندن کو یمنی عوام کے خلاف جرائم میں شریک قرار دیا تھا ۔ انھوں نے کہا تھا کہ کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کی بمبماری میں برطانوی طیارے اور ہواباز حصہ لے رہے ہیں ۔

حال ہی میں غربت و بے انصافی اور قحط و بھوک مری کے خلاف سرگرم عمل تنظیم آکسفام نے بھی اعلان کیا ہے کہ برطانیہ نے سعودی اتحاد کو مختلف جنگی وسائل فروخت کر کے یمن کے خلاف جارحیت کو طول دینے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

سعودی حکومت اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں- اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے -

جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں-

ٹیگس