Apr ۰۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • برسلز کانفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے : شام

شام کی وزارت خارجہ نے برسلز میں شام کی امداد کیلئے ہونے والی کانفرس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دمشق کی غیر موجودگی میں اس کانفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے کل رات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک پیغام میں کہا کہ دمشق حکومت کی غیر موجودگی میں اقوام متحدہ کی صدارت میں اس کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے تاکید کی کہ شام کے خلاف امریکہ اوریورپی یونین کی خود سرانہ پابندیوں میں شدت اور وہ بھی اس کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر انسانی حقوق کے موضوع کے منافی ہے۔

واضح رہے کہ شامی پناہ گزینوں کی حمایت سے متعلق 5 ویں عالمی کانفرنس، شام اور علاقے کے مستقبل کے موضوع پر 29 اور 30 مارچ کوبرسلز میں منعقد ہوئی اور اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک نے شامی پناہ گزینوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کرنے کیلئے 5 ارب 300 ملین یورو دینے کا اعلان کیا۔

ٹیگس