امریکہ عراق میں داعش کو دوبارہ منظم کر رہا ہے
عراق کے استقامتی گروہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کو ضروری قرار دیا ہے۔
فرات نیوز کے مطابق تحریک عصائب اہل الحق کے سیاسی دفتر کے رکن محمود الربیعی نے کہا ہے کہ امریکی فوجی دہشت گردوں کے اصل حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کا انخلا ہی عراق میں دہشت گردوں کے خاتمے کا واحد راستہ ہے۔
عصائب اہل الحق کے رہنما محمود الربیعی نے حکومت عراق پر زور دیا کہ وہ بغداد واشنگٹن اسٹریٹیجک مذاکرات میں امریکی فوجیوں کے انخلا کے معاملے کو ٹھوس طریقے آگے بڑھائے۔
اس سے پہلے عراقی پارلیمنٹ میں الفتح دھڑے کے سربراہ ہادی العامری نے کہا تھا کہ امریکی فوجیوں کو عراق سے نکل جانا چاہیے کیونکہ عراقی عوام قابض فوجیوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب عراق کی تحریک النجبا کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نصر الشمری نے ملک کے تمام سیکورٹی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ داعش کی باقیات کو پھرسے منظم ہونے کا موقع فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کی باقیات کے خلاف بھرپور اور بلا وقفہ کارروائی جاری رکھیں۔