مآرب میں شکست کے بعد جارح سعودی اتحاد کی وحشیانہ بمباری
یمن کے صوبہ مآرب میں شکست کے بعد جارح سعودی اتحاد نے وحشیانہ بمباری کی ہے ۔
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق مآرب میں یمنی فوج کی پیشقدمی اور جارح سعودی اتحاد کی شکست کے پیش نظر جارح سعودی اتحاد نے یمن میں اپنی جارحیتیں جاری رکھتے ہوئے مآرب کے کئی علاقوں کو 20 بار وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ۔ ابھی تک اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔
واضح رہے کہ یمن کی فوج اور رضاکارفورس نے مآرب شہر کی جانب اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے منصورہادی کی مفرور و مستعفی حکومت کے اہم ترین اور سب سے بڑے اڈے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔اس اڈے کو کنٹرول میں لینے کی کارروائی کے دوران منصور ہادی کی فوج کی ایک سو پچیسویں بریگیڈ کے جنگجؤوں نے ہتھیار ڈال دیئے اور خود کو یمنی فوج کے حوالے کردیا ۔
صوبہ مآرب میں گذشتہ تین مہینوں سے نیشنل سالویشن حکومت اور جارح سعودی اتحاد کے جنگجؤوں کے درمیان شدید جنگ جاری ہے اور اس اتحاد میں منصورہادی بھی شامل ہیں ۔اس دوران یمنی فورسس شہر مآرب کے نہایت قریب پہنچ چکی ہیں اور اب صرف چند کلومیٹر کا فاصلہ باقی ہے ۔
سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کر رہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب کے جنگ افروزی کے باعث اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر اور دربدر ہوگئے ہیں۔