صوبہ نینوا میں الحشدالشعبی کا آپریشن مکمل
عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ نینوا میں انسداد دہشتگردی کے تحت انجام پانے والی فوجی کارروائیاں مکمل ہوگئی ہیں اور اہم سیکورٹی نتائج حاصل ہوئے ہیں-
نینوا میں الحشدالشعبی کے کمانڈرنے اعلان کیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور اس میں سیکورٹی کے لحاظ سےاہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں العطشان پہاڑیوں میں داعش کے دو خفیہ ٹھکانوں کا پتہ چلا ہے جبکہ دو دہشتگرد گرفتار ہوئے اور کئی دستی بم ضبط کئے گئے ۔
نینوا میں الحشدالشعبی کے آپریشنل کمانڈر نے عراقی فوج کی مدد سے چھبیس اپریل دوہزار اکیس سے جنوبی موصل میں داعش کے باقیات کے خلاف بڑے پیمانے پرسیکورٹی آپریشن شروع کیا تھا جس میں الحشدالشعبی کا ایک جوان شہید اور دستی بم کے دھماکے میں چار جوان زخمی ہوگئے۔
الحشدالشعبی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا ایک جوان جمعرات کو شہر سامرا کے جنوب میں ایک سیکورٹی آپریشن کے دوران شہید ہوگیا ہے۔
دیالہ میں داعش کی باقیات کافی فعال ہوگئی تھیں جس کی بنا پر حالیہ مہینوں میں الحشدالشعبی اورعراقی فوج نے اس صوبے میں دہشتـگردوں کے خلاف کئی آپریشن انجام دیئے۔ بعض کارروائیوں میں داعش کے مسلح عناصر کے ساتھ فوج اورالحشدالشعبی کی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں-