May ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں فلسطینیوں کے حملے دہرائے جانے کا خوف ، صیہونیوں کی نیند حرام

صیہونی فوج نے غرب اردن میں فلسطینیوں کی استقامتی کارروائیاں دہرائے جانے کے خوف سے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے -

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حلقوں کو یہ خوف لاحق ہے کہ زعترہ چیک پوسٹ پر ہونے والی کارروائی فلسطینی استقامتی فورسس کی آخری کارروائی نہیں ہوگی بلکہ اسے دہرایا بھی جا سکتا ہے اور اسی بنا پر اس غاصب حکومت نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے ۔

اتوار کو زعترہ چیک پوسٹ پر فلسطینیوں کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے جن میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔

صیہونی ذرائع ابلاغ نے اتوار کی رات مغربی رام اللہ کی بنیامین یہودی کالونی میں ایک بم دھماکا ہونے کی خبر دی تھی ۔ تحریک حماس اور جہاد اسلامی فلسطین نے اس کارروائی کو فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کا جواب قراردیا ہے ۔

درایں اثنا غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی خاتون شہید ہوگئی ۔

فلسطینی نیوز ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق نحالین کالونی کی ساٹھ سالہ خاتون رحاب محمد موسی خلف زعول جو جنوبی بیت لحم میں غاصب صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوگئی تھیں زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو‏‏‏گئی ۔

صیہونی فوجیوں نے پیر کو جنوبی بیت لحم میں واقع عتیصیون کالونی کے چوراہے کے قریب ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا ۔

میڈیا ذرائع نے اسی طرح جنوبی غرب اردن کے نابلس شہر پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی خبردی ہے ۔

صیہونی فوج کے یہ حملے جنوبی شہر نابلس میں فلسطینیوں کی استقامتی کارروائی اور اس میں کچھ صیہونیوں کے زخمی ہونے کے بعد انجام پا رہے ہیں ۔

مقامی ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شہر نابلس پر یلغار کے بعد فلسطینیوں کو زدوکوب کیا اور فلسطینی شہریوں کے خلاف آنسوگیس کے گولے استعمال کئے اور فائرنگ کی ۔

فلسطین کی وزارت صحت نے بھی ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ شہرنابلس میں جھڑپوں کے بعد کچھ فلسطینی زخمی بھی ہوگئے ہیں ۔

صیہونی فوجیوں کی جانب سے شہر نابلس پر حملوں کے بعد کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔

ٹیگس