May ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • عراق میں امریکہ کے البلد فوجی اڈے پر راکٹوں کی بارش

عراقی ذرائع نے کہا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے البلد ایئربیس پر کئی راکٹ داغے گئے۔

صابرین نیوزکی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ صلاح الدین میں امریکہ کے دہشتگرد فوجیوں کی میزبانی کرنے والے بلد ایئربیس پر اس مرتبہ 10 راکٹ داغے گئے جس کے بعد شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور آگ کے شعلے بلند ہوئے۔

بلد ایئربیس، عراق کا سب سے بڑا ایئربیس ہے جو بغداد سے ساٹھ کیلو میٹر دور ہے اور اسے امریکہ کے دہشت گرد فوجی استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کل رات بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی دو راکٹ فائر کئے گئے تھے اور اس ایر پورٹ پر 10 دنوں کے اندر اس طرح کا یہ دوسرا حملہ ہے۔

عراقی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی سیکورٹی کے لئے تعینات سی ریم کاونٹر ڈیفنس سسٹم نے ایک راکٹ کو ایئرپورٹ کے نزدیک سرنگوں کر دیا۔

ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن امریکی فوج کا دعوی ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واشنگٹن ایسے حملوں کی ذمہ داری عراق کی رضاکار فورس پرعائد کرتا ہے جو ملک کی پارلیمنٹ اور عوام کے ساتھ مل کر امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے سے عراق میں امریکی فوجی کانوائے اور اس کی فوجی چھاؤنیوں پر حملے ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عراق میں امریکہ کے دہشتگرد فوجیوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔

عراق کے عوام اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مسلسل مخالفت کرتے آ رہے ہیں۔ اس ملک کی پارلیمنٹ بھی عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا بل منظور کر چکی ہے۔

ٹیگس