فلسطینی قوم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹی ہے، صیہونیوں کو واپس جانا ہوگا
استقامتی محاذ کے سربراہوں اور رہنماؤں نے فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کا انجام نابودی ہے اور یہ بات وہ خود بھی جانتی ہے کہ جلد یا دیر اس کو سرزمین فلسطین سے نکلنا ہوگا۔
صیہونی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ہے، اس کی زندگی ختم ہو چکی ہے اور علاقے کا مستقبل تحریک استقامت ہی طے کرے گی۔ یہ بات حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہی۔
سید حسن نصراللہ نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے المیادین ٹی وی کے خصوصی پروگرام میں کہا کہ آج ایسے عناصر موجود ہیں جن کی وجہ سے بیت المقدس کے بارے میں ہماری ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ فلسطینی امنگوں کے بارے میں اپنے موقف کا سچائی و دلیری کے ساتھ اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ فلسطینیوں نے فلسطینی کاز اور جد وجہد سے ہاتھ کھینچ لیا ہے یہ سب سے بڑا بہتان اور جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں فلسطین کی نئی نسل ہر حال میں اپنی کامیابی کے راستے پر قدم بڑھا رہی ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی المیادین ٹی وی کے ورچوئل اجلاس ’المنبر الموحد ‘ سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ بیت المقدس اس وقت سخت اور خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک جانب اسرائیل بیت المقدس کو یہودی شہر بنانے اور فلسطینیوں کا قلع قمع کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور دوسری جانب مسجد الاقصی پر بتدریج قبضہ کرنے اور زمان و مکان کے لحاظ سے اس کی تقسیم کی کوشش کر رہا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد نخالہ نے بھی اس اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ صیہونی دشمن کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اسے بہرحال فلسطین کو ترک کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی یوم قدس ایک ایسا مقدس دن ہے جس کا ہمارے دین و مذہب سے تعلق ہے کیونکہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی ان تین اہم مقامات میں سے ایک ہے جہاں وحی الہی کا نزول ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی دو مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہیں۔
یمن کی قومی حکومت کے بانی عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی کہا کہ عالمی یوم القدس ایک انتہائی اہم دن ہے اور امت اسلامیہ کو چاہئے کہ وہ اس دن اٹھ کھڑی ہو اور اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے کیونکہ غاصب صیہونی حکومت کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے اور اس حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کا فلسطین کے بارے میں موقف بہت ہی واضح ہے اور وہ فلسطینی عوام اور بیت المقدس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کے فرمان پر ہر سال جمعۃ الوداع کو پوری دنیا میں عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔