May ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۱:۴۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں کے حملے سے محمود عباس برہم، فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ نے بیت المقدس میں صیہونی فوجیوں کے حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سیکورٹی کونسل کے فوری اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق محمود عباس نے سنیچر کو اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر سیکورٹی کونسل کا فوری اجلاس طلب کیا جانا چاہئے۔

محمد عباس کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے حالیہ واقعے کی پوری ذمہ داری صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں کو فوری رکوایا جائے۔

ذرائع ابلاغ نے جمعے کی رات مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی خبردی تھی۔ صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی پر یلغار کر کے مسجدالاقصی کے دروازوں کو بند کردیا اور نمازیوں پر حملہ کردیا ۔

ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس حملے میں مسجدالاقصی کے صحن میں کم سے کم ترپن فلسطینی نمازی زخمی ہوگئے ۔ کہا جا رہا ہے کہ مسجدالاقصی سے شروع ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت باب العامود تک پہنچ گیا ہے۔

ایک رپورٹ میں جمعے کی رات مسجد الاقصی، باب العامود اور محلہ شیخ جراح میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سے کم 250 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی ہے۔

 

ٹیگس