May ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے : فتح ، حماس اور جہاد اسلامی تحریکوں کا مطالبہ

فلسطین کی حماس ، فتح اور جہاد اسلامی تحریکوں نے صیہونیوں کے بھرپور مقابلے اور مسجدالاقصی پر قبضے کی سازش کو ناکام بنانے کی ضرورت پر دیا ہے -

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس اور شیخ جراح محلے میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے فوجیوں کے حملوں سے پیدا ہونے والے بحران کے بعد تحریک حماس کی عسکری ونگ عزالدین قسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعببیدہ القسام نے صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے اس بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف کے انتباہ کی یاد دہانی کرائی ہے ۔

محمد الضیف نے غاصب صیہونیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ایک خط میں انتباہ دیا ہے کہ القسام بریگیڈ اور استقامتی محاذ اس صورت حال کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑی نہیں رہے گی اور اگر یہ صورت حال جاری رہی تو صیہونیوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی ۔

تحریک حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے بھی بیت المقدس میں جاری جارحیتوں کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس ہماری ریڈلائن ہے اور استقامتی محاذ اپنے جوانوں کو مایوس نہیں کرے گا بلکہ ملت فلسطین کی عزت و شرف کا دفاع کرے گا۔

تحریک الفتح نے بھی ایک بیان جاری کرکے فلسطینی علاقوں میں غاصب صیہونیوں کو کنٹرول کرنے اور بیت المقدس کے شہریوں کی حمایت کے لئے منظم فعالیت انجام دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ بیت المقدس تمام فلسطینیوں کے لئے اتحاد و اتفاق اور غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کی علامت ہے ۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے بھی غرب اردن ، غزہ پٹی ، تمام پناہ گزیں کیمپوں اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے باشندوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ پوری طرح تیار رہیں اور مسجدالاقصی پرانتہا پسند یہودیوں اور صیہونی آباد کاروں کی یلغار کو ناکام بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کے سیکڑوں باشندوں نے سنیچر کی رات بیت المقدس اور اپنے مقدس مقامات پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خلاف مشرقی شہرغزہ اور مقبوضہ فلسطین سے ملحقہ سرحدی پٹی کے قریب اکٹھا ہو کر احتجاج کیا تاہم صیہونی فوجیوں نے انھیں بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔

اس حملے میں دسیوں فلسطینی زخمی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی بنا پر گھٹن کا شکار ہوگئے جبکہ تین افراد کو پلاسٹک کی گولیوں سے سخت چوٹ پہنچی ہے ۔

فلسطین کے ہلال احمر کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ باب العامود ، باب الساھرہ ، محلہ شیخ جراح ، باب الاسباط اور حطہ کے علاقوں میں سنیچر کی رات صیہونی فوجیوں کے حملوں میں نوے فلسطینی زخمی ہوگئے جن میں چودہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے ۔

 

ٹیگس