May ۱۰, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل پر پھر ہونے لگی میزائلوں کی بارش، فوجیوں کی پسپائی

بیت المقدس میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جھڑپوں اور تشدد کے درمیان، فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل پر کئی راکٹ فائر کئے جس کے بعد خطرے کے سائرن بجنے لگے اور شہر میں ہر طرف افراتفری مچ گئي۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے مزاحمت گروہ حماس نے راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ کشیدگی میں اضافہ ہونے کے بعد کئی علاقوں سے صیہونی حکومت نے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

فلسطین کے مزاحمت گروہ حماس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ، بیت المقدس اور اس کے نواحی علاقے شیخ جراح میں صیہونی فوجیوں کے حملوں اور مظالم کے جواب میں کئے گئے ہیں۔

جہاد اسلامی فلسطین نے بھی صیہونی مظالم کا جواب بارود اور میزائلوں سے دیا اور صیہونی کالونیوں پر کئی میزائل فائر کئے۔

اسرائيل نے غزہ پٹی کی سرحد پر اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور حماس کے ٹھکانوں پر کئی حملے کئے جن میں اب تک 9 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے ہوائی حملوں میں 3 بچے شہید ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں غزہ پٹی سے مقبوضہ بیت المقدس پر راکٹ فائر ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

صیہونی حکومت نے غزہ پٹی سے لگے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

 

ٹیگس