اسرائيل کے ساتھ تعلق بنانے والے کا خون مباح ، ہم کسی سے ڈرتے نہیں ، صرف دھمکیاں نہيں دیتے ، عراقی النجباء کا سخت انتباہ
۔تحریک النجبا نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والے عناصر کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا
فارس نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی اسلامی استقامتی تحریک النجبا کے سربراہ اکرم الکعبی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والے عناصر مہدودالدم ہیں اور ہماری تحریک صیہونیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دے گی۔
شیخ اکرم الکعبی نے بعض عناصر کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو بتدریج معمول پرلائے جانے سے متعلق سبزجھنڈی دکھائے جانے کے اقدام کے بعد اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والوں کا خون مباح ہے اور ہم ایسے عناصر کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو اسرائیل کے ساتھ روا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ اس حوالے سے ہمیں کسی کا خوف اور ڈر نہیں ہے۔
عراق کی اسلامی استقامتی تحریک النجبا کے سربراہ نے کہا کہ خداوند متعال نے کامیابی فلسطینیوں کا مقدر بنادی ہے، انہوں نے کہا کہ غداروں کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ عراقی سماج میں صیہونیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کے عمل کو رواج دے سکتے ہیں، شیطان کے ایجنٹوں کو جان لینا چاہیے کہ ہم صرف مذمت کرنے، تسلیم نہ کرنے یا تعلقات کو معمول پر لانے کا مقابلہ کرنے پر اکتفا نہیں کریں گے۔
شیخ اکرم الکعبی نے کہا کہ جو لوگ عراق میں جاری بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں اور اس کا الزام انقلابیوں اور استقامتی محاذ سے وابستہ تنظیموں پر عائد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دراصل صیہونیوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک میں دہشت گردی اور قتل و غارتگری کے ذریعے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ حقائق سب پر واضح ہوگئے ہيں، سب جانتے ہيں کہ ان واقعات کے پس پردہ کونسےعناصر کار فرما ہیں۔
تحریک النجبا کے سربراہ نے عراق کے غیور جوانوں سے اپیل کی کہ وہ عراق کے دشمن ملکوں سے وابستہ عناصر کے فریب میں نہ آئيں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب ، ثقافت و آزادی اور معیشت کو نشانہ بنانے کے لئے مشکوک ذرائع سے ملک دشمن عناصر کی جانب سے مالی مدد و حمایت کی جارہی ہے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔