فلسطینیوں کی فتح، اسرائیل کو امریکا کا انتباہ، شیخ الجراح کے باشندوں کا ہو احترام
اقوام متحدہ نے بیت المقدس میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ واشنگٹن نے تل ابیب سے کہا کہ وہ شیخ الجراح کے باشندوں کے ساتھ احترام سے پیش آئے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مشرقی بیت المقدس میں سنیچر کو ہونے والے واقعات پر شدید تشویش ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس قدیمی شہر کے مقدس مقامات کا احترام کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
اردن کی وزارت خارجہ نے نماز جمعہ کے بعد بیت المقدس میں صیہونی فوج کے حملے کی مذمت کی۔ صیہونی فوجیوں نے نماز جمعہ کے بعد نمازیوں پرحملہ کیا تھا۔ مغربی کنارے میں بھی متعدد جگہوں پر جھڑپیں ہوئی تھیں۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکی حکومت، فلسطینی انتظامیہ اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ غزہ پٹی کے لئے فوری انسان دوستانہ امداد پہنچائی جا سکے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائیس نے کہا کہ وزیر خارجہ بلنک جلد ہی اسرائیل اور ویسٹ بینک کا دورہ کریں گے جس میں حالیہ جنگ سے متعلق واقعات اور مستقبل کے بارے میں بات ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ شہر بیت المقدس کی موجودہ حالت کو باقی رکھنا بہت ضروری ہے۔ نیڈ پرائیس نے کہا کہ اسرائیل، بیت المقدس کے شیخ الجراح محلے کے باشندوں کے ساتھ احترام سے پیش آئے۔
در ایں اثنا ایک بڑی خبر یہ ہے کہ یورپی یونین حماس سے رابطے کے بارے میں غور کر رہی ہے کیونکہ فلسطینی بحران کے حل کے حوالے سے حماس ایک اہم اور موثر جماعت ہے۔
یورپی یونین کے ایک سینئر عہدیدار نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ رابطہ کسی بھی ثالث کے ذریعہ ہو سکتا ہے۔