Jun ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی وزارت خارجہ نے چار یورپی ممالک کے سفیروں کو طلب کیا

فلسطین کی وزارت خارجہ نے چار یورپی ممالک آسٹریا، جمہوریہ چیک، برطانیہ اور بلغاریہ کے سفیروں کو طلب کر کے انسانی حقوق کونسل اور عالمی ادارہ صحت میں مخالف ووٹ ڈالنے پر احتجاج درج کیا ہے۔

فلسطینی نیوز ایجنسی معاً کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیر خارجہ اَمَل جادو شکعہ نے منگل کے روز کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت فلسطینی قوم کے حقوق کی پامالی کے لئے صیہونی حکومت کو اس طرح گرین سگنل دئے جانے سے فلسطین کی قیادت کو جھٹکا لگا ہے۔

انہوں نے کہ یورپی ممالک کے اس اقدام سے جرائم کے ارتکاب کے بعد سزا سے تحفظ کے احساس کو فروغ ملے گا اور غاصب صیہونی حکومت اپنے ظالمانہ و نسل پرستانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی جو عالمی قوانین کے رو سے انسانیت مخالف جرائم سمجھے جاتے ہیں۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے مذکورہ چار یورپی ممالک کے سفیروں کو اپنا اعتراض نامہ سونپتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اپنے ممالک کی وزارت خارجہ سے کہیں کہ وہ اپنے اس اقدام کی وضاحت پیش کریں۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج جرمنی کے سفیر کو بھی اسی سلسلے میں طلب کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ جمعرات کو جینیوا میں واقع اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا ایک اجلاس ہوا تھا جس میں کونسل نے نو مخالف اور چودہ سفید ووٹوں کے مقابلے میں چوبیس ووٹوں سے ایک قرارداد منظور کی جس کے تحت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کی جانب سے انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلافورزیوں کے تعلق سے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹیگس