Jun ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۴ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے لئے بیت المقدس کو جہنم بنا دیں گے: فلسطینی تنظیم کا انتباہ

فلسطین کے استقامتی گروہوں کے المصطفی بریگیڈ نے واضح کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے سامنے کبھی بھی پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی اور ایک قدم بھی پیچھے ہٹنا ممکن نہیں ہے اور ہم ہرطرح کی جنگ اور عزت و شرافت کی ہر جدوجہد میں ملت فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

فلسطین کے استقامتی گروہوں کے فوجی بازو ابومصطفی بریگیڈ کے ترجمان ابومنصور نے کہا ہے کہ جس طرح ہم نے غزہ کو صیہونیوں کے لئے آگ کا شعلہ بنا دیا ہے اسی طرح شہر بیت المقدس کی ہر چٹان کو بارودی سرنگ بنا دیں گے جو حملہ آوروں کے پیروں کے نیچے پھٹیں گی۔

ابومصطفی بریگیڈ کے ترجمان نے اسلامی جمہوریہ ایران اور استقامتی محاذ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے استقامتی فورسز کو مسلح کرنے انہیں ٹریننگ دینے اور جنگی ساز و سامان فراہم کرنے میں نمایاں کردارادا کیا ہے۔

اس درمیان فلسطین کی وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل اور بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی زمینوں پر صیہونی کالونیاں تعمیر کرنے کے اسرائیلی حکومت کے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے بین الاقوامی قراردادوں کے تعلق سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔

فلسطینی نیوز ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیلی کابینہ کے چار وزیروں کی موجودگی میں فلسطینیوں کی زمینوں میں صیہونی کالونیوں کی توسیع کے تناظر میں غرب اردن کے شہر رام اللہ کے قریب واقع بیت ایل کالونی میں مزید تین سو پچاس کامپلکس تعمیر کئے جانے کی مذمت کی۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ صیہونی رہائشی کامپلکسوں کی تعمیر کا مقصد مشرقی بیت المقدس اور غرب اردن کو صیہونیت کا رنگ دینا اور اس کے الحاق کو مضبوط بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے فلسطینیوں کے گھروں کو ڈھانے، انہیں گھروں سے باہر نکالنے اور ناجائز کالونیاں بنانے کی پوری ذمہ داری صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

صیہونی حکومت نے دس مئی کو غرب اردن اور غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ حملوں اور جنگ کا آغاز کیا تھا تاہم صیہونیوں کو فلسطینی استقامت کے میزائلوں کا سامنا اور ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے نتیجے میں آخر کار اکیس مئی کو استقامت کے مقابلے میں ناتوانی و کمزوری کے باعث صیہونی کابینہ کی طرف سے جنگ بندی کی مکرر درخواستوں کے بعد جنگ بندی عمل میں آئی۔

غزہ کی بارہ روزہ جنگ میں دوسو چون فلسطینی شہید ہوئے جن میں انہتر بچے ، انتالیس خواتین اور سترہ سن رسیدہ بزرگ تھے جبکہ نو سو دس فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

ٹیگس