Jun ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • فلسطین - اسرائيل تنازعے کے حل کے بغیر قیام امن ممکن نہیں: روس

روس نے کہا ہے کہ جب تک فلسطین- اسرائیل تنازعہ کو حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک مغربی ایشیا میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے فلسطینی گروہوں کے درمیان اختلافات کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے فلسطین- اسرائیل تنازعے کے حل سے مربوط مسائل سے غفلت نہیں کرنی چاہیے۔

ولادیمیر پوتین نے کہا کہ جب تک فلسطین اسرائیل تنازع کو حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک مغربی ایشیا میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔

صدر پوتین نے فلسطینی گروہوں کے درمیان جاری اختلافات کو دورکئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائيل سے مربوط مشکلات سے قطع نظر دیگر مسائل بھی موجود ہیں کہ جن پر غور کئے جانے کی ضرورت ہے۔

ديگر اہم عالمی مسائل کے تعلق سے روسی صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے عن قریب ہونے والی بات چیت تعلقات میں بہتری کا موقع ثابت ہوگی۔

صدر پوتین نے 16 جون کو جنیوا میں ہونے والے روس امریکہ سربراہی اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کو تعلقات واپس پٹڑی پر لانے کی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ یہ تعلقات اس وقت کافی نچلی سطح پر ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت کے موضوعات میں اسلحہ کا کنٹرول، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور کورونا وائرس کی عالمی وبا بھی شامل ہوں گے۔

 بظاہر پوتین اس سربراہی اجلاس سے اندازہ لگانا چاہتے ہیں کہ امریکی صدر تعلقات کو بہتر بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔

 روسی صدر نے فورم سے گفتگو میں روس اور امریکہ کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ نے تعلقات کو خود بگاڑا ہے، جس کے ذمے دار ہم نہیں ہیں۔

ٹیگس