صیہونی فوجیوں کے حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی
مقبوضہ بیت ا لمقدس میں غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے میں درجنوں فلسطین مظاہرین زخمی ہوگئے۔
نیوز ایجنسی معا کے مطابق ، مظاہرین مقبوضہ بیت المقدس کی شاہراہ صلاح الدین پر واقع ایک اسرائیلی حراست گاہ کے باہر مظاہرہ کر رہے تھے۔
فلسطینی مظاہرین ان صحافیوں اور فعال فلسطینیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے جنہیں شیخ جراح کے علاقے میں اسرائیل مخالف مظاہرے کی کوریج کے دوران گرفتارکیا گیا تھا۔
صیونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے پرامن فلسطینیوں کے خلاف اشک آور گیس اور ر بر کی گولیوں کا آزادانہ استعمال کیا۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پچھلے چند ہفتوں سے صورتحال کشیدہ ہے اور صیہونی فوجیوں اور غاصبوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی جھڑپوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے مسجد الاقصی اور مقبوضہ بیت المقدس کے محلے شیخ جراح پر صیہونیوں کے حملوں پر فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، اسرائیلی اہداف پر سیکڑوں راکٹ برسائے تھے۔