اگر جنگ ہوئی تو اسرائیل کو جہنم بنا دیں گے: حزب اللہ لبنان
حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حسن البغدادی نے کہا ہے کہ اگر صیہونی حکومت کے ساتھ کوئی جنگ ہوتی ہے تو اسرائیل کو ایسی جہنم میں تبدیل کر دیا جائے گا کہ جس کے بارے میں غاصب صیہونیوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا۔
المنار کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حسن البغدادی نے کہا ہے کہ صیہونی فوجی کمانڈر، لبنان میں حزب اللہ کے جیالوں کے خلاف بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں جبکہ ان کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی فوجی اپنی شرمناک اور ذلت آمیز شکست سے کبھی عبرت حاصل نہیں کرتے جس کی بنا پر وہ حقیقی صورت حال کو صحیح طرح سے درک نہیں کر پاتے جبکہ غاصب صیہونی حکومت، بہت تیزی سے اپنے زوال کی طرف بڑھ رہی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بھی حال ہی میں غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکوں میں ہم آہنگی کی بات کہی ہے اور اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، حزب اللہ اور فلسطین کی تحریک مزاحمت کے درمیان نہایت اعلی سطح پر تعاون جاری ہے اور غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مانند مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب اللہ لبنان مکمل طور پر آمادہ ہے۔