عمان کے وفد کا دورہ یمن
صنعا کا دورہ کرنے والے عمان کے سرکاری وفد نے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے سربراہ سے ملاقات کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نگران اعلی سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عمانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے یمن کے انسانی مسائل اور مختلف دیگر مسائل پر گفتگو کی۔ انھوں نے یمن کے سلسلے میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کی خیرخواہانہ کوششوں اور عمان کی حکومت کے انسان دوستانہ مواقف کی قدردانی کی۔
الحوثی سے ملاقات سے قبل عمانی وفد نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے بھی ملاقات کی۔اس ملاقات میں مہدی المشاط نے یمنی قوم کے بارے میں عمان کے اخلاص کے حامل مواقف کی قدردانی کی اور یمن کے سلسلے میں عمان کی حکومت کی کوششوں کی کامیابیوں کے بارے میں امید ظاہر کی۔
واضح رہے کہ عمان کا وفد یمن کے حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کے لئے ہفتے کے روز صنعا پہنچا ہے۔اس سے پہلے بعض خبروں میں کہا گیا تھا کہ یہ وفد یمنی حکومت کے سربراہ کے نام سعودی ولیعہد بن سلمان کا ایک خط بھی لے کر گیا ہے جس میں بن سلمان نے یمن سے درخواست کی ہے کہ وہ سعودی شہروں پر میزائلی اور ڈرون حملے بند کردیں۔