مسجدالاقصی کی آزادی قریب ہے: حماس کے رہنما کا اعلان
غزہ میں فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے قبضے سے مسجدالاقصی کی آزادی نزدیک ہے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحیی السنوار نے زور دے کر کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے خلاف سازش اور صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا فلسطینیوں اور ان کے موقف پر ہرگز کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
یحیی السنوار نے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ سیف القدس جنگی کارروائی میں کامیابی میں فلسطین کا ہر طبقہ اور ہر گروہ شریک ہے۔ یحیی السنوار نے کہا کہ بیت المقدس ہم سے صرف لفظی جمع خرچ نہیں چاہتا بلکہ صیہونی حکومت کے خلاف جوابی راکٹ حملے چاہتا ہے جو مقبوضہ زمینوں پر لرزہ طاری کردے۔
ایسے عالم میں کہ جب پیر کو انتہاپسند صیہونی غرب اردن میں اشتعال انگیز ریلیاں نکالنا چاہتے ہیں فلسطین کی عوامی استقامتی کمیٹیوں نے بھی فلسطینیوں سے صیہونیوں کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔