Jun ۲۳, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کا شیخ جراح کے مکینوں پر حملہ

فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں نے ایک بار پھر مقبوضہ قدس کے علاقے شیخ جراح کے مکینوں پر حملہ کیا ہے۔

یو نیوز خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ (کنست) کے انتہا پسند رکن «باسلئیل سموتریچ» نے شیخ جراح کے علاقے کے رہائشی آلہ کرد کے گھر پر حملہ  کر کے صیہونی آباد کاروں کو فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کرنے کی ترغیب دلائی۔

یاد رہے کہ پیر کے روز بھی  صیہونی فوجیوں نے شیخ جراح کے علاقے پر حملہ کیا اور اس علاقے کے مکینوں خاص طور سے جوانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا اورکئی فلسطینیوں کو زخمی کرنے کے علاوہ متعدد نوجوانوں کو اغوا بھی کر لیا۔

دوسری جانب غرب اردن کے شہر بیتا پر بھی اسرائیل کے فوجیوں کے حملے میں 20 فلسطینی زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ صیہونیوں کی مسلط کردہ حالیہ 12 روزہ جنگ میں غاصب صیہونی دہشتگردوں نے 2 ہزار سے زائد بار فضائی حملے اور وحشیانہ جارحیت کا مظاہرہ کیا جس میں تقریبا ایک ہزار 450 رہائشی مکانات بالکل تباہ ہوگئے۔ جبکہ تیرہ ہزار کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، اسکے علاوہ 50 سے زائد اسکول  اور طبی مراکز تباہ ہوئے جبکہ ڈھائی لاکھ لوگوں کے لئے پانی کی سپلائی منقطع ہوگئی اور زرعی اراضی تہس نہس ہو گئی۔

غزہ کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی 12 روزہ جارحیت و بربریت کے دوران غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہو کر بربادی اور تباہی کی تصویر بن گیا اس طرح کہ جا بجا تباہ شدہ مناظر نظر آرہے ہیں۔

اس قدر بہیمانہ جارحیت و دہشتگردی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود غاصب صیہونی حکومت اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

فلسطین کی تحریک مزاحمت اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان 12 روز تک جاری رہنے والی جنگ 10 مئی کو وسیع پیمانے پر انجام پانے والی صیہونی جارحیت سے شروع ہوئی اور 12 دن بعد بعض بیرونی مصالحتکاروں کی ثالثی کے نتیجے میں جنگ بندی پر اتفاق کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔

اس جنگ میں 243 فلسطینی منجملہ 69 کمسن بچے، 39 خواتین اور 17 ضعیف العمر افراد شہید ہوئے جبکہ ایک ہزار نو سو دس فلسطینی زخمی ہوئے۔

اس وحشیانہ جارحیت اور دہشتگردی کے جواب میں فلسطین کے استقامتی محاذ نے صیہونی حکومت کے فوجی مراکز، ہوائی اڈوں اور دیگر حساس علاقوں پر کم از کم ہزار راکٹ اور میزائل برسائے جو غاصب صیہونیوں پر بری طرح سے خوف و ہراس اور وحشت طاری ہونے کا باعث بنے جس کے بعد وہ جنگ بندی پر مجبور ہو گئے۔

ٹیگس