Jun ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • افغانستان کے حالات خراب، طالبان نے مزید علاقوں پر قبضہ کر لیا

افغانستان کی وزارت دفاع نے اس ملک کے 15 شہروں میں ہونے والی جنگ کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس ملک کے شمالی علاقوں کے کئی شہروں پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے نائب ترجمان فواد امان نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقوں خاص طور سے شمالی علاقوں میں جنگ میں شدت آئی ہے اور 15 سے 20 شہروں میں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

در ایں اثناء افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں جاری لڑائی کے دوران 28 افراد ہلاک اور 290 شہری زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق قندوز میں قائم ہسپتال کے سربراہ احسان اللہ فاضلی  کا کہنا ہےکہ گزشتہ 3 روز کے دوران 2 مقامی ہسپتالوں میں 28 لاشیں اور 290 زخمیوں کو لایا گیا جن میں اکثریت بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں لڑائی تاحال جاری ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں امریکہ کی جانب سے فوجی انخلا کے اعلان کے بعد افغانستان میں طالبان کی جانب سے کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے کئی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی ہے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی امریکہ کے دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، ان کے ساتھ افغان مذاکراتی عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ بھی موجود ہیں جہاں وہ امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کریں گے اور فوجیوں کے انخلا اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔

ٹیگس