Jun ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • مصر کے صدر عراق کے دورے پر

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اپنے مصری ہم منصب السیسی کا استقبال کیا۔

مصر، عراق اور اردن کے سہ فریقی سربراہی اجلاس کا مقصد عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی موجودگی میں قاہرہ اور امان میں منعقدہ سابقہ دو اجلاسوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصاد کے سلسلے میں ہونے والے سمجھوتوں کو فعال بنانا ہے۔

عراق کی وزارت منصوبہ بندی کے ترجمان عبدالزہرہ الھنداوی نے کہا ہے کہ اس اجلاس میں مختلف مسائل زیر غور آئیں گے تاہم اقتصادی موضوعات اور عراق، اردن اور مصر کے درمیان بجلی کنکشکن کے موضوع کا خاص طور سے جائزہ لیا جائے گا جو عراق کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بصرہ بندرگاہ سے اردن کی عقبہ بندرگاہ تک تیل پائپ لائن بچھانے کا موضوع بھی ایک اہم موضوع ہے جس پر اس اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عراق کی وزارت منصوبہ بندی کے ترجمان الہنداوی نے عراق ، اردن اور مصر کے درمیان زمینی مواصلاتی راستہ قائم کرنے کے پروجیکٹ کے بارے میں کہا کہ یہ ایسا پروجیکٹ ہے جس کے ذریعے تینوں ملکوں کے شہری نہایت کم خرچ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کر سکیں گے۔

عراق کی الحکمہ پارٹی کے سربراہ سید عمار حکیم نے اس اجلاس کے انعقاد پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد میں عراق ، مصر اور اردن کے اجلاس کے انعقاد سے علاقے اور دنیا میں عراق کا اہم کردار دوبارہ بحال ہونے میں مدد ملے گی۔

ٹیگس