افغانستان میں طالبان کو بھاری جانی نقصان
افغانستان کی وزارت دفاع نے افغان فوجیوں کی متعدد کارروائیوں میں طالبان کے سیکڑوں افراد کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے آج اعلان کیا ہے کہ ننگرہار، پکتیکا، لوگر، غزنی، وردک، قندھار، بلخ، جوزجان، ہلمند، تخار، بدخشاں، قندوز، بغلان اور کاپیسا صوبوں میں فوج نے کاروائی کی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں طالبان کے دو سو پچاس جنگو ہلاک اور ایک سو چالیس زخمی ہو گئے ہیں۔ البتہ طالبان نے حکومت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
درایں اثنا انس کے نام سے معروف طالبان کا سنیئر کمانڈرعزت اللہ صوبہ کاپیسا کے الہ سای ضلع میں افغان فوج کے ساتھ ہونے والی جنگ میں ہلاک ہو گیا ہے ۔
دوسری طرف صوبہ پکتیکا کے مقامی عہدیدار نے جمعرات کو بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع ارگون میں بم نصب کر کے ایک بڑے پل کو تباہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کی رفت و آمد معطل ہو گئی ہے۔