Jul ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۴۰ Asia/Tehran
  • عراقی رضاکار فورس نے امریکا سے انتقام لینے کی قسم کھائی

عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی میں شامل سید الشہداء یونٹ کے سکریٹری جنرل نے اعلان کیا ہے کہ مزاحمت میں دلچسپی رکھنے والے ہر سیاست داں کا احترام کرتے ہیں لیکن اب مزاحمتی گروہ،  رضاکار فورس پر امریکا کے حالیہ حملے کا جواب ضرور دے گا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ابو آلاء الولائی نے عراق - شام سرحد پر رضاکار فورس کے ٹھکانے پر امریکا کے حالیہ حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا اور اپنے سپاہیوں کا انتقام لینے کی قسم کھائی۔

انہوں نے تین دن پہلے امریکی حملے میں شہید ہونے والوں کے جلوس جنازہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ میں اس پروگرام میں شامل سبھی افراد کا شکریہ ادا کرتاہوں اور ہم بھی ان کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، ہم قسم کھاتے ہیں کہ اپنے عزیزوں کا انتقام ضرور لیں گے، یہ آپ لوگوں کے لئے خوش خبری ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عراق میں غاصبوں کا  چین چھن جائے گا، ہم ان سیاست دانوں کا احترام کرتے ہیں جو مزاحمت میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہم یہ بتاتے ہیں کہ آج کے بعد سے کوئی ثالثی نہیں ہوگی، ہم وقت اور جگہ کا انتخاب کریں گے، ہمارا جواب مومنین کے دلوں کو خوش کر دے گا اور غاصبوں کو پشیمان کر دے گا۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں 

ٹیگس