Jul ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
  • افغان فوج کے حملوں میں سیکڑوں طالبان ہلاک و زخمی

افغان فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے دوران دو سو سے زائد طالبان کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

کابل میں افغان وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران، صوبہ لوگر، پکتیکا، قندھار، ہرات، بادغیس، فراہ، بلخ، ہلمند اور کاپیسا میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں میں دوسو تیس طالبان ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

 ایک اور اطلاع کے مطابق، کابل کے سولہویں سیکورٹی زون کے علاقے قعلہ زمان خان  میں گزشتہ رات ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران، مجیب اندرابی نامی ایک اعلی سیکورٹی افسر مارا گیا۔

اسی علاقے میں ہفتے کی صبح ہونے والے ایک دھماکے میں پولیس کی گاڑی تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبے لوگر کے شہر پل علم میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں اپیل کورٹ کے جج جسٹس محمد فواد جاں بحق ہو گئے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ افغانستان میں جاری جھڑپیں اور دہشت گردانہ حملے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی بیس سالہ موجودگی کا نتیجہ ہیں۔

ٹیگس