داعش کی تخریبی کارروائیاں جاری ، بغداد کو پانی سے محروم کرنے کی کوشش ناکام
عراق کی وزارت بجلی نے اعلان کیا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش نے بغداد کے کرخ علاقے کو پانی فراہم کرنے والی بجلی کی لائن پر حملہ کیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت بجلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرخ پانی کے پروجیکٹ کو بجلی سپلائی کرنے والے 132 کیلو واٹ کی «قدس - نصر» لائن کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ بغداد کی نصف آبادی پانی کے اسی پروجیکٹ سے سیراب ہوتی ہے۔
حکومت عراق کے اعلان کے مطابق ملک میں بجلی سپلائی کے نیٹ ورک اور اسٹیشنوں پرہونے والے حملوں کے نتیجے میں بجلی سپلائی کے 61 اسٹیشن تباہ ہوگئے ہیں۔ داعش دہشتگردوں نے مہینوں پہلے سےعراق میں افراتفری اوربدامنی پھیلانے کے لئے بجلی کی سپلائی لائن اور بجلی اسٹیشنوں پر حملے اور تخریبی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رکھا ہے اور یہ عراقی عوام کو تنگ کرنے کے لئے ان کی ٹیکٹک کا حصہ ہے۔
داعش دہشتگرد گروہ کی تخریبی کارروائیوں کے باعث کچھ مہینوں سے صوبہ صلاح الدین ، کرکوک اور دیالہ کے اکثر علاقوں میں بجلی کی سپلائی کے کام میں خلل پیدا ہوتا رہا ہے ۔ داعش دہشتگرد گروہ ، دیالہ کرکوک اور صلاح الدین جیسے صوبوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی غیرموجودگی سے فائدہ اٹھا کربجلی کے ٹرانسفارمروں کونشانہ بناتے ہیں۔ایسا نظرآتا ہے کہ داعش کی باقیات ان صوبوں میں اپنی موجودگی ظاہرکرنے، عراقی حکومت کو نقصان پہنچانے، اس پر دباؤ ڈالنے اور عوام میں مایوسی پیدا کرنے کے لئے بجلائی کی سپلائی میں خلل ڈالنے کےلئے منصوبہ بند کارروائیاں کررہے ہیں۔