افغانستان میں مزید 260 سے زائد طالبان عناصر کی ہلاکت
افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان فوج کی کارروائیوں میں دو سو ساٹھ سے زیادہ طالبان عناصر ہلاک ہو گئے۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف صوبوں میں طالبان کے خلاف انجام دیئے جانے والے فوجی آپریشن میں دو سو اکسٹھ طالبان ہلاک اور دو سو چھے زخمی ہو گئے۔
بیان کے مطابق یہ فوجی آپریشن افغانستان کے لغمان، پکتیکا، قندھار، زابل، بادغیس، فراہ، ہلمند، کاپیسا، ننگرہار، بلخ، جوزجان، بدخشان، اور غوریان صوبوں میں انجام دیئے گئے ہیں۔
افغان وزارت دفاع نے ان فوجی کاروائیوں میں افغان فوج کے جانی نقصان کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا۔
طالبان نے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے نکلنے کا اعلان ہوتے ہی مذاکرات کی میز پر آنے کے بجائے افغانستان کے مختلف علاقوں میں اپنے حملے تیز کر دئے ہیں لیکن افغان فوج اور عوامی رضاکار فورس طالبان کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔