Jul ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۰ Asia/Tehran
  • داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف عراقی سیکورٹی فورسز کا آپریشن

پریس ذرائع نے عراق کے صوبے کرکوک میں عراقی فوج کے آپریشن میں داعش تکفیری دہشت گرد گروہ کے ایک سرغنہ کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔

بغداد الیوم کے مطابق عراقی فوجی اہلکاروں نے عراق کے صوبے کرکوک میں داعش دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ابو قیصر سے موسوم صالح فراس نامی داعشی دہشت گرد سرغنہ کی پہچان کر کے اسے ہلاک کر دیا۔

اس سے قبل بھی عراقی فورسز نے شمالی صوبے نینوا میں فوجی آپریشن کرتے ہوئے بارہ داعشی تکفیری عناصر کا پتہ لگا کر انھیں گرفتار کر لیا تھا۔

دریں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبے الانبار میں اپنی کاروائی کے دوران داعشی تکفیری عناصر سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کی ہیں۔ صوبے نینوا میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے آپریشنل کمانڈر قاسم مصلح نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے درست اطلاعات حاصل ہونے کے بعد فوری طور پر کاروائی کی اور اس صوبے میں داعشی عناصر کا خاصی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود نیز ایسی گاڑی کو ضبط کر لیا جس میں بارود نصب کیا جا چکا تھا۔

صوبے نینوا میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر قاسم مصلح کا کہنا ہے کہ حشدالشعبی کی اس کاروائی سے داعشی دہشت گرد عناصر کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی اور مغربی الانبار میں یہ گروہ بالکل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور دہشت گرد عناصر کے تمام منصوبوں پر پانی پھر گیا۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، اپنے ملک کی دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور وہ مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز میں شامل ہے اور خاص طور سے داعشی عناصر کے خلاف وہ مکمل طور پر سرگرم عمل ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس تکفیری گروہ کے کچھ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائیاں کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، حالانکہ الیوم السابع کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز عراق کے شہر موصل اور کرکوک میں روپوش اور باقیماندہ داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگس