Jul ۱۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • افغانستان میں طالبان اور افغان فوج میں گھمسان کی جنگ

افغانستان کے مختلف علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران طالبان اور افغان فوجیوں کے درمیان ہونے والی گھمسان کی جنگ میں کم از کم چار سو طالبان ہلاک و زخمی ہو گئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے ننگر ہار، وردک، خوست، قندہار، فراہ، ہرات، بادغیس، سرپل، جوزجان، نیمروز، ہلمند، بدخشان، قندوز، تخار اور کاپیسا صوبوں کے مختلف علاقوں میں افغان فوج کی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں طالبان گروہ کے دو سو اکہتر عناصر ہلاک اور ایک سو باسٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔

سیکورٹی ذرائع‏ کا کہنا ہے کہ طالبان نے اتوار کی رات بھی صوبے غزنی کے شہر غزنی پرحملہ کیا اور اس صوبے کے کچھ علاقوں پر قبضہ کرلیا۔ افغان سیکورٹی حکام نے اب تک اس سلسلے میں اپنے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ تاہم بعض سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ طالبان نے صوبہ غزنی کے کئی اضلاع پر قبضہ کرکے گھروں میں مورچے بنالئے ہیں جس کی بنا پر طالبان کے خلاف کارروائی میں مشکل پیش آرہی ہے۔

دوسری جانب صوبے پکتیا کے شہر گردیز میں پیر کی صبح سڑک کنارے ہونے والے بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان گروہ نے افغان فریقوں کے درمیان مذاکرات تعطل سے دوچار اور افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کی تاریخ کا اعلان ہو جانے پر اس ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی پکڑ مضبوط کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔

 

ٹیگس