داعش سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، پاکستان ہمارا وطن ثانی ہے: طالبان
داعش ہمارا دشمن ہے اور پاکستان ہمارا وطن ثانی ہے۔ یہ کہنا ہے طالبان کا۔
فارس نیوز کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دہشتگرد ٹولے داعش کو اپنا دشمن بتاتے ہوئے کہا کہ طالبان کا اس کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
ترجمان طالبان نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ یہ ملک ہمارا وطن ثانی ہے اور دونوں ممالک میں مشترکہ اقدار پائی جاتی ہیں اور ہم لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر اسلام آباد کے قدرداں ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کے ساتھ طالبان کے تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی ہمارے لئے اہمیت رکھتی ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم اس سلسلے میں کوئی مداخلت نہیں کرتے اور ہم نہیں چاہتے پاکستان میں بد امنی پھیلے اور کوئی ہماری سرزمین کو اسکے خلاف استعمال کرے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے دعوا کیا کہ طالبان کی طرف سے افغان عوام کو کوئی گزند نہیں پہونچے گی اور وہ انکی جان و مال کی حفاظت کریں گے۔طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دوحہ میں ہمارا ایک مذاکراتی وفد موجود ہے اور امید ہے کہ مذاکرات کامیاب رہیں گے۔
انہوں نے دعوا کیا کہ طالبان مذاکرات کے ذریعے ملک میں اسلامی نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں اور طاقت کے ہوتے ہوئے بھی کابل پہونچے کے لئے اس کا استعمال نہیں کریں گے اور مذاکرات کو ترجیح دیں گے۔