Jul ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • دوحہ کے حالیہ اجلاس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا : حکومت کابل

افغانستان کے نائب صدر دوم یا ڈپٹی وائس پرسیڈنٹ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے دو روزہ اجلاس کا کوئی واضح نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے-

افغان آوا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب صدردوم  سرور دانش نے پیر کو عیدالاضحی کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا کہ افسوس کہ بعض ممالک کی ثالثی میں اسلامی جمہوریہ افغانستان اور طالبان گروہ کے اعلی رتبہ وفد کےدرمیان ہونے والے اجلاس کا کوئی خاطرہ خواہ اور واضح نتیجہ نہیں نکلا ہے-

سرور دانش نے اس پیغام میں کہا کہ فریقین کے درمیان اس سال شروع ہونے والے امن مذاکرات کے معطل ہونے کی وجہ امن کے عمل کے سلسلے میں طالبان اور اس گروہ کے حامیوں کا دوہرا رویہ ہے ۔

افغانستان کے نائب صدر نے مزید کہا کہ طالبان نے اب تک نہ صرف یہ کہ افغان عوام کے سلسلے میں کئے جانے والے کسی بھی معاہدے پر عمل نہیں کیا ہے بلکہ امن کے عمل میں بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں اور رخنہ اندازیاں کی ہیں جو سب پر عیاں ہیں اور اس بنا پر ہم عالمی حلقوں اور طالبان کے حامی ممالک سے پوری سنجیدگی سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اس گروہ کو تعمیری اور نتیجہ خیزمذاکرات کے لئے مجبور کرے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات اتوار کی رات ایک بیان کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئےاس بیان میں فریقین نے افغانستان میں ایک پائیدار اور منصفانہ سیاسی راہ حل پراتفاق کیا ہے لیکن اس میں جنگ بندی کی کوئی بات نہیں کی گئی ہے ۔

ٹیگس