شام ؛ صیہونی جنگی طیاروں کا صوبے حلب کے جنوبی علاقے السفیرہ پر حملہ؛ شام کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ کا جوابی حملہ؛ صیہونی جنگی طیارے فرار ہونے پر مجبور
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شام کے صوبے حلب کے جنوبی علاقے السفیرہ پر حملہ کیا ہے۔
سانا خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے منگل کے روز شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوب مشرقی حلب میں السفیرہ کے علاقے کو جارحیت کا نشانہ بنایا تاہم شام کے اینٹی ایر کرافٹ یونٹ نے اس حملے کا دفاع کیا اور غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیارے کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے السفیرہ کے علاقے میں فوجی کارخانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ صیہونی فوج نے گذشتہ ماہ بھی جنوبی شام میں واقع قنیطرہ پر گولہ باری کی تھی۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت لبنان اور شام کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان ملکوں پر راکٹ و میزائل حملے اور گولہ باری کرتی رہتی ہے۔
لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن محافظ فوج کا بھی کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت لبنانی فضائی حدود اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی آئے دن خلاف ورزی کرتی رہتی ہے۔