ایران و عراق سمیت مختلف ممالک میں عید الاضحیٰ آج
ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج عید بندگی، عید ایثار و قربانی، عید قرباں منائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آج ایران کے علاوہ آج عراق پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں بھی عید الاضحیٰ یا بقرعید منائی جا رہی ہے اور لوگ نماز عید کی ادائگی اور راہ خدا میں قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔
بعض ممالک منجملہ فلسطین، شام، افغانستان، سعودی عرب، ترکی اور روس نے گزشتہ روز عید منائی اور راہ خدا میں اپنے جذبہ ایثار و قربانی کا ثبوت پیش کیا۔
ہندوستان و پاکستان میں خاص جوش و ولولے کے ساتھ لوگ عید منانے میں مصروف ہیں اور لوگوں نے بڑی تعداد میں عیدگاہوں اور مساجد میں حاضر ہو کر نماز عید ادا کیا ہے۔ حکام نے عالمی وبا کورونا کے پیش نظر طبی ہدایات اور کورونا ایس او پیز کا خیال رکھنے پر خاصا زور دیا ہے۔ نماز کے اجتماعات سماجی فاصلے کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔
عید الاضحیٰ یا بقرعید عالم اسلام کی عظیم عیدوں میں سے ایک ہے جس دن خدائے سبحان نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے خلوص و ایمان کو آزمانے کے لئے ان کا ایک سخت اور انوکھا امتحان لیا اور انہیں اپنے فرزند اسماعیل کو راہ خدا میں قربانی کرنے کا حکم دیا۔ جناب ابراہیم علیہ السلام نے بھی اس فریضے کی دشواری کے باوجود تمام تر خلوص کے ساتھ اپنے بیٹے اسماعیل کو راہ خدا میں قربان کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پروردگار نے اپنی نبی ابراہیم کا خلوص آزما لینے کے بعد انہیں کامیابی کی سند عطا کی اور قربانی کے وقت ایک دنبے کو از راہ غیب بھیج کر جناب ابراہیم کی قربانی کے اسباب فراہم کئے۔
یہ واقعہ در حقیقت دین اسلام کے پیروکاروں کو ایثار و فداکاری اور جذبہ اطاعت و بندگی کا سبق سکھاتا ہے۔ اسی مناسبت سے فرزندان اسلام ہر سال اسلامی کیلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کی دس تاریخ کو عید مناتے ہوئے، سیرت ابراہیمی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔